چینی کمپنیاں پاکستان میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری پرآمادہ
ینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ کے شمسی اور دیگر قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کی دعوت دی، جس پر چینی کمپنیوں کی جانب سے حوصلہ افزا ردعمل آیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر گزشتہ شب چین پہنچے تھے، درآمدی بل میں کمی کے لیے انہوں نے ستمبر میں شسی توانائی کے منصوبے کی منظوری دی تھی، آج وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اور چینی کمپنیوں کو 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکردہ چینی کمپنیوں نے پاکستان میں شمسی توانائی، پانی اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے،وزیر اعظم نے ماضی میں چینی کمپنیوں کی جانب سے درآمدی کوئلے پر ادائیگیوں کے حوالے سے درپیش رکاوٹوں پر اظہار افسوس بھی کیا۔