شان کی فلم ’’ضرار‘‘ شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام
معروف اداکار شان شاہد کی بڑے بجٹ کیساتھ بنائی گئی ایکشن فلم ’’ضرار‘‘ شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ناقدین کے مطابق فلم 30 فیصد انگلش، اور 70 فیصد اردو زبان میں ہے جس سے اس کی گرفت کمزور ہوئی ہے، فلم کو دیکھ کر یقین نہیں آیا کہ اس کی پوسٹ پروڈکشن کا کام ایسے عالمی شہرت یافتہ سٹوڈیو میں ہوا ہے ، جہاں جیمز بونڈ سیریز جیسی فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی جاسوسی ایکشن فلم’ضرار’ کے بارے میں جتنے بھی دعوے کیے گئے تھے، فلم ان پر پورا نہیں اتر سکی ہے۔ یاد رہے کہ فلم کے پروڈیوسرز اعجاز شاہد اور احمد علی بٹ ہیں، اس فلم کے دیگر تمام بڑے شعبے، جن میں ہدایت کاری، اسکرپٹ نویسی، مکالمے اور اداکاری ہے، ان میں شان شاہد نے بذاتِ خود اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ فلم ان کے گھر کی فلم ہی ہے۔