پاکستانی ڈرونز قابو کرنے کے لیے انڈیا نے ’چیلیں‘ تیار کر لیں
بھارت نے اپنی سرحدی حدود میں جاسوسی کے لیے بھیجے جانے والے پاکستانی ڈرونز کو پکڑ کر گرانے کے لیے ارجن نامی چیلوں کے دستے تیار کر لیے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا کی سرحد پر پاکستانی ڈرونز کی پروازوں میں اضافے کے بعد سے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ اسکے تحت پہلے مرحلے میں بھارتی فوج نے سرحد پر نگاہ رکھنے کے لیے 750 ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے نگرانی کیلئے بھارتی حدود میں بھیجے جانے والے ڈرونز کو تباہ کرنے کی بجائے چیلوں کے ذریعے قابو کیا جائے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سرحد کے قریب انڈیا اور امریکہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران انڈین فوج نے ایسی تربیت یافتہ چیلوں کا تجربہ کیا ہے، جو دشمن کے ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انڈین نیوز ویب سائٹ ’ٹائمز ناؤ‘ کے مطابق یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس اس دعوے کے بعد ہائی الرٹ پر ہے کہ پاکستان کی سمت سے مبینہ طور پر انڈین علاقوں میں اسلحہ اور منشیات بذریعہ ڈرون بھیجے جا رہے ہیں۔