بزنس مینوں کے ہاتھوں بھارتی میڈیا کا جنازہ اٹھنے لگا
پاکستان کے بعد بھارتی مین اسٹریم میڈیا بھی کارپوریٹ یلغار کے آگے بے بس ہونے لگا ہے۔ بری خبر یہ ہے کہ ایشیا کے امیر ترین اور دنیا کے تیسرے رئیس شخص گوتم اڈانی نے نیو دہلی ٹی وی لمیٹڈ یعنی این ڈی ٹی وی کے 29 فیصد شئیرز خرید لیے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پچاس فیصد سے زائد شیئرز کا مالک بن جائے گا جسکے بعد پروفیشنل صحافت کا جنازہ اٹھ جائے گا۔ این ڈی ٹی وی مین سٹریم میڈیا میں وہ چینل سمجھا جاتا تھا جو صحافتی اقدار کا خیال رکھتا تھا لیکن اس کے مالکانہ حقوق مودی کے حمایتی دوست گوتم اڈانی کے پاس جانے سے آزادی اظہار رائے کے متوالے فکر مند ہو چکے ہیں۔ بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایم ڈی ٹی وی سے وابستہ سینئر ترین اینکرز کو استعفے دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے سب سے مشہور اینکر روش کمار نے بھی بی جے پی کے دباؤپر مزید کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔