سجل علی شادی کو مکمل زندگی کیوں نہیں سمجھتیں؟
اپنے شوہر احد رضا میر سے علیحدگی اختیار کرنے والی معروف اداکارہ سجل علی نے زندگی کو شادی تک محدود رکھنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی صرف شادی کا نام نہیں ہے، اور ہمیں شادی کو ہی مکمل تر زندگی نہیں سمجھنا چاہئے۔ ماضی کے معروف اداکار آصف رضا میر کی سابقہ بہو سجل علی نے کہا کہ شادی بہت خوبصورت اور پیارا رشتہ ہے، لیکن یہ مکمل زندگی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سجل علی نے حال ہی میں ایک برطانوی فلم میں کام کیا ہے جس کی لکھاری عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان ہیں۔ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ نامی فلم کی ہدایات بالی ووڈ فلم ساز شیکھر کپور نے دی ہیں اور اس میں سجل علی کے علاوہ شبانہ اعظمی اور دیگر پاکستان و بھارتی اداکار بھی دکھائی دیں گے۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی اور اس کی کہانی برطانوی لڑکے کی پاکستانی لڑکی سے شادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے، فلم کی آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز متوقع ہے۔ تاہم اس فلم کو اب تک کئی عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے، ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کی پروموشن کے دوران سجل علی نے بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے فلم سمیت شادی اور زندگی سے متعلق اپنے خیالات کا بھی کھل کر اظہار کیا۔