کراچی ٹیسٹ کا پہلا روز، پاکستان کے 5 وکٹوں پر 317 رنز
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز پر ناقابلِ شکست ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، قومی بیٹرز کا حریف بدلہ لیکن ٹاپ آرڈر پھر بھی جم کر نہ کھیل سکے، عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 19 کے مجموعے تک دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
عبداللہ شفیق نے 7 اور شان مسعود نے صرف 3 رنز بنائے۔ دونوں ہی کھلاڑی اسٹمپ آؤٹ ہوئے جنہیں بالترتیب اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے آؤٹ کیا، کپتان بابر اعظم نے دو وکٹیں گرجانے کے بعد کریز سنبھالی اور ان کا ساتھ امام الحق نے دیا، تاہم 48 کے مجموعے پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے۔
24 رنز بنانے والے امام الحق نے مائیکل بریسویل کو اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن کیچ آؤٹ ہوئے۔سعود شکیل نئے آنے والے کھلاڑی تھے، جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن کھانے کے وقفے سے چند منٹ قبل وہ کیوی کپتان ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ گرنے پر قومی ٹیم کا اسکور 110 رنز تھا۔