ماجد جہانگیر دال چاول بیچنے پر کیوں مجبور ہوئے؟
بطور گلوکار شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والے معروف کامیڈین ماجد جہانگیر ان فنکاروں میں شامل ہیں جن کو شہرت راتوں رات نہیں ملی تھی بلکہ اسکے حصول کے لیے انہوں نے سالہا سال بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا۔ ماجد جہانگیر نے اپنا پہلا ٹی وی پروگرام معروف اداکار اور میزبان معین اختر کے ساتھ کیا تھا جس کا نام ’’سات رنگ‘‘ تھا، اسے پی ٹی وی سے نشر کیا گیا اور عوام میں کافی مقبول ہوا، اس پروگرام کے بعد ماجد جہانگیر نے مڑ کر نہیں دیکھا اور ان کی کامیابیوں کا سفر شروع ہو گیا۔ لیکن اس دوران انھوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی جاری رکھی۔ جوں جوں کامیڈی میں ان کا سکہ چلنے لگا، ماجد جہانگیر موسیقی سے دور ہوتے چلے گئے، اور ایک وقت ایسا آیا کہ وہ مستقل طور پر کامیڈی سے جڑگئے۔
پھر 1980 کی دہائی میں وہ وقت بھی آ گیا جس کا ماجد جہانگیر کو لمبے عرصے سے انتظار تھا، پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی معروف کامیڈی سیریز ’’ففٹی ففٹی‘‘ نے انہیں اور ان کے ساتھی اداکار اسماعیل تارا کو شہرت کی کمال بلندیوں پر پہنچا دیا، عوام نے ان کے ٹیلنٹ کو خوب پذیرائی بخشی، 1985 تک ماجد جہانگیر نے اس ڈرامہ سیریز سے خوب نام کمایا۔