اس برس کونسی پاکستانی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں؟
رواں برس پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلموں کی تعداد کافی کم دکھائی دے رہی ہے اور سینما کی بھوک مٹانے کے لیے فلمساز ایک آزمائش سے دوچار ہیں کیونکہ ’مولا جٹ‘ نے پروڈکشن کا معیار اتنا بلند کر دیا ہے کہ اس تک پہنچنا کافی کٹھن ہو گیا ہے۔
اس سال جنوری میں کوئی بھی پاکستانی فلم نمائش کے لیے نہیں پیش کی جا رہی اور رواں برس کی پہلی پاکستانی فلم فروری میں سینما میں پیش ہو گی۔ منی بیگ گارنٹی رواں برس کی اہم ترین فلم ہے جس میں فواد خان نظر آئیں گے بلکہ پہلی بار بڑے پردے پر پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا بھی دلچسپ روپ میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کو فیصل قریشی نے بنایا ہے، جس کے دیگر کرداروں میں عائشہ عمر، کرن ملک، میکائل ذوالفقار، مانی، جان ریمبو اور شایان خان نظر آئیں گے۔ یہ فلم عیدالفطر کے موقعے پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اسکے علاوہ ٹیلیویژن کی حالیہ تاریخ کی سب سے مشہور جوڑی، ماہرہ خان اور فواد خان کی رومانوی فلم نیلوفر کا ان کے پرستاروں کو بے چینی سے انتظار ہے۔ بڑے پردے پر ماہرہ خا اور فواد خان کا رومانس دیکھنے کے لیے شائقین بےتاب ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ اس فلم میں ماہرہ خان ایک نابینا لڑکی کا کردار کر رہی ہیں۔ اس میں مدیحہ امام بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسکے مشترکہ پروڈیوسرز میں خود فواد بھی شامل ہیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام، شعیب منصور اپنی مشہور زمانہ فلموں ’خدا کے لیے،‘’بول،‘ اور ’ورنہ‘ کے بعد لا رہے ہیں ایک نئی فلم ’آسمان بولے گا۔‘ شعیب کی یہ فلم ممکنہ طور پر مئی میں پیش کی جائے گی جس کی کہانی پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازعے سے جڑی ہوئی ہے۔ ایک اور فلم ڈھائی چال اپنے نام سے زیادہ اپنے موضوع کی وجہ سےعوام کے لیے دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ یہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے تناظر میں بنائی گئی ہے۔ اس فلم کا زیادہ تر حصہ بلوچستان میں فلمایا گیا ہے جو اس لحاظ سے اہم ہے کہ پاکستان میں شاذ و نادر کی کوئی فلم بلوچستان میں فلمائی جاتی ہے۔ اس لیے کافی امید ہے کہ اس میں بہت سے نئے مقامات دیکھنے کو ملیں گے۔ اس فلم میں شمعون عباسی کلبھوشن یادیو کا کردار ادا کر رہے ہیں، دیگر اداکاروں میں ہمایوں اشرف اور عائشہ عمر شامل ہیں۔ عائشہ عمر اس فلم میں صحافی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
باکس آفس کے راجا ہمایوں سعید کی بھی ایک فلم اس برس ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ فلم ادار اور میزبان واسع چوہدری نے لکھی ہے، جو اپنی ہیئت میں مزاح اور رومان سے بھرپور ہے لیکن تاحال اس کی فلم بندی شروع نہیں ہوئی ہے۔ اطلاع ہے کہ ہمایوں سعید اس فلم کے لیے کسی نئی لڑکی کو بطور ہیروئن لینا چاہتے ہیں جس کی ابھی تلاش جاری ہے۔ نیٹ فلکس کے مشہورِ زمانہ سیزن ’کراؤن‘ میں پاکستانی ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید گزشتہ کئی برسوں سے عید الاضحیٰ پر اپنی ایک فلم لازمی پیش کرتے آ رہے ہیں، لیکن کیا اس بار وہ ایسا کر پائیں گے یہ دیکھنا ہے۔ نرم گرم کی ہدایت کاری ندیم بیگ کریں گے۔
ان فلموں کے علاوہ بھی کئی فلمیں اس سال نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی جن میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی ’بےبی لیشیس،‘ بھی شامل ہے جو رواں برس فروری میں پیش کی جائے گی۔ پاکستانی فلمی صنعت کی مشہور پسِ پردہ جوڑی فضہ علی مرزا اور نبیل قریشی بھی ایک فلم پر کام کر رہے ہیں جس کانام ابھی تک انہوں نے صیغہ راز میں رکھا ہوا ہے لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ اس میں ایک بار پھر وہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی کامیاب جوڑی کے ساتھ ہی عیدالاضحیٰ پر آئیں گے۔
2023 کے آخر میں پوری اس کے علاوہ پاکستانی سینیما شائقین ایک اور فلم دیکھیں گے جس کا نام ہو گا ’وکھری‘۔عالمی شہرت یافتہ ہدایت کار ارم پروین بلال کی اس فلم کی نومبر 2022 میں عکس بندی مکمل ہو کر اب تدوین کے مرحلے میں ہے جس کا موضوع قندیل بلوچ اور ان جیسی دیگر خواتین سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی زندگی ہے۔