بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی مسلمان سے متنازع شادی
بالی ووڈ کی بولڈ اداکارہ راکھی ساونت کی ایک مسلمان اداکار کے ساتھ شادی متنازعہ ہو گئی ہے کیونکہ دولہا نے انہیں دلہن تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ راکھی ساونت نے مداحوں کو خفیہ شادی کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چھ ماہ قبل وہ مسلم لڑکے عادل درانی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی تھیں۔ بھارت کی متنازع، بولڈ اور ہندو ازم کا پرچار کرنے والی اداکارہ نے 11 اور 12 جنوری کو انسٹا گرام پر عادل درانی کے ساتھ شادی کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کر کے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شادی کرلی، اداکارہ نے نکاح نامے اور اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی کاپی بھی انسٹا گرام پر شیئر کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے جولائی 2022 میں شادی کی رجسٹریشن کروائی تھی۔ اداکارہ نے ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کی رجسٹریشن کی کاپی شیئر کی، جس میں ان کا نام راکھی ساونت پڑھا جا سکتا ہے جب کہ ان کے شوہر کا نام عادل درانی پڑھا جا سکتا ہے، یاد رہے کہ بھارت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو شادی کی رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔