بھارتی شہری پاکستانیوں بارے اتنے جاہل کیوں ہیں؟
معروف پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری بھارتی فلم انڈسٹری اور فلمی اداکاروں سے متعلق بہت زیادہ معلومات رکھتے ہیں جبکہ بھارتیوں کو تو یہ تک معلوم نہیں کہ پاکستانی دال چاول کیسے کھاتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق پورا پاکستان بالی وڈ دیکھ کر بڑا ہوا ہے، اس لیے پاکستانیوں کو بھارت میں ہونے والی ہر چیز کا علم ہے، وہ مکمل طور پر جانتے ہیں کہ بھارتی کیسا لباس پہنتے ہیں مگر ہندوستانیوں کو پاکستان سے متعلق کچھ پتا نہیں۔
اداکارہ نے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ بھارتیوں کو یہ بھی علم نہیں کہ پاکستانی مرد کس طرح کی شلوار قمیض پہنتے ہیں، پاکستانی خواتین کس طرح اپنے بالوں کو باندھتی ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی عورتیں جانتی ہیں کہ بھارتی انداز میں بال کس طرح باندھے جاتے ہیں۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ تقریبا ًپورا پاکستان بولی وڈ فلمیں دیکھتا ہے اور ان ہی فلموں کی بدولت پاکستانی بھارت سے متعلق کئی باتیں جانتے ہیں، انہیں وہاں کی ثقافت، کھانے پینے کے انداز اور رسومات کا بھی علم ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ بہت سارے پاکستانیوں کے دادا اور پڑدادا بھی بھارتی فلمیں دیکھ دیکھ کر وہاں کے متعلق بہت ساری باتیں جانتے تھے۔ صنم سعید نے دلیل دی کہ پاکستانیوں کو مدھو بالا سے لے کر کرینہ کپور اور اب دپیکا پڈوکون تک کی اداکاراؤں سے متعلق ہر بات اور چیز کا علم ہے لیکن بھارتیوں کو پاکستان سے متعلق کوئی معلومات نہیں، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی یہ تک نہیں جانتے کہ پاکستانی کس طرح کے دال اور چاول کھاتے ہیں؟