شوبز

اداکار محب مرزا نے اپنی دوسری شادی کا اعتراف کر لیا

سانولی سلونی سی معروف ماڈل اور اداکارہ آمنہ شیخ کے سابق شوہر اداکار محب مرزا نے بالآخر اپنی دوسری شادی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال اپنے والد کی خواہش پر شادی کرلی تھی اور اب وہ تنہا زندگی نہیں گزار رہے۔ محب مرزا کے مطابق ان کی شادی کے بعد ان کے والد محسن مرزا جنوری 2022 میں انتقال کر گئے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال سے محب مرزا کی صنم سعید سے شادی کی افواہیں چل رہی ہیں۔ اب اداکار نے صنم سعید کا نام لیے بغیر اور اپنی نئی شریک حیات کا نام بتائے بغیر تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایک سال قبل شادی کرلی تھی۔

محب مرزا حال ہی میں جیو ٹی وی کے شو ہنسنا منع ہے میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شادی کے سوال پر وضاحت کی تھی مگر یہ نہیں بتایاتھا کہ انہوں نے ایک سال قبل کس سے شادی کی تھی۔محب مرزا نے شادی کے سوال پر بتایا کہ خدا کا شکر ہے، انہوں نے ایک سال قبل ہی شادی کرلی تھی اور اب وہ تنہا زندگی نہیں گزار رہے، ان کے والد کی خواہش تھی کہ وہ اکلوتے بیٹے کو زندگی میں ہی دوبارہ شادی شدہ دیکھ کر جائیں، اس لیے انہوں والد کے انتقال سے قبل گزشتہ برس شادی کرلی تھی۔

تاہم اداکار نے اپنی شادی کی تاریخ نہیں بتائی، محب مرزا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پہلے کبھی کسی شو یا پروگرام میں شادی سے متعلق اس لیے بات نہیں کی، کیوں کہ ان سے کبھی ایسا سوال ہی نہیں کیا گیا تاہم انہوں نے اپنی دوسری شادی سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی اہلیہ سے متعلق کچھ بتایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ان کا ولیمہ ہوا تو ایک شخص نے آکر انہیں مبارک باد پیش کی اور انہیں کہا کہ ’عمر قید مبارک ہو، محب مرزا کے مطابق انہیں ’عمر قید مبارک ہو‘ سن کر غصہ آگیا، ان کا کہنا تھا کہ شادی بہت اچھا رشتہ ہے، لیکن لوگوں کو سماج یا اہل خانہ کے دباؤ میں آکر شادی نہیں کرنی چاہئے، وہ اپنے دل اور دماغ کی بات سن کر شادی کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں لڑکوں کی شادی کے حوالے سے کوئی تربیت نہیں ہوتی، لیکن ضروری ہے کہ والدین یا اہل خانہ لڑکوں کو تربیت دیں کہ شادی کا مطلب عمر قید نہیں بلکہ ذمہ داری ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ محب مرزا کی پہلی شادی ماڈل آمنہ شیخ سے 2005 میں ہوئی تھی، جوڑے کے ہاں 2015 میں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی۔ بعد ازاں آمنہ شیخ امریکہ میں مقیم ایک بزنس مین کے ساتھ دوسری شادی کرکے پاکستان چھوڑ گئی تھیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button