شاہد آفرید کی عبوری چیف سلیکٹر کی مدت مکمل ہوگئی
سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے عبوری چیف سلیکٹر کی ذمہ داری پوری ہونے پر پیغام جاری کردیا۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے چارج سنبھالنے کے بعد محمد وسیم کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا۔
گزشتہ سال 24 دسمبر کو شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلئے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، عبد الرزاق، راؤ افتخار انجم رکن اور ہارون رشید کنوینر کے طور پر شامل تھے،سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈز منتخب کئے۔
سیریز کے اختتام پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ عبوری چیف سلیکٹر کے طور پر کردار ادا کرنے کا موقع دینے پر پی سی بی کا شکریہ، میں نے اس ذمہ داری کا بھرپور لطف اٹھایا، امید ہے کہ میں اپنے دلیرانہ فیصلوں کے باعث مداحوں کی امیدوں پر پورا اترا ہوں گا، میں ہمیشہ کسی بھی طور پر پاکستان کی خدمت کیلیے دستیاب رہوں گا۔
انھوں نے نیوزی لینڈ کو ون ڈے سیریز میں فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پرُ اعتماد ہوں کہ قومی ٹیم جلد فارم میں واپس آئے گی،سابق کپتان نے کیویز بیٹر گلین فلپس کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کی اور میزبان بیٹرز فخر زمان اور محمد رضوان کی اچھی بیٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا۔