شوبز

راکھی ساونت کے شورڈالنے پرعادل خان نےاسے بیوی تسلیم کرلیا

بالی ووڈ کے مسلمان اداکار عادل خان نے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے میڈیا میں واویلا کرنے پر آخر کار انہیں اپنی بیوی تسلیم کر لیا ہے جبکہ ناقدین کو حد میں رہنے کی ہدایت کی ہے، ڈرامہ کوئین نے ایک ہفتہ قبل انسٹا گرام پر عادل خان درانی سے شادی کرنے کی ویڈیوز و تصاویر شیئر کی تھیں۔ راکھی ساونت کی جانب سے ویڈیو و تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد عادل خان درانی نے اداکارہ کے دعوئوں کی تردید یا تصدیق نہیں کی تھی، تاہم کہا تھا کہ وہ دو ہفتوں میں اس حوالے سے مکمل معلومات جاری کریں گے اور اب انہوں نے راکھی ساونت سے شادی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

عادل خان درانی نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں راکھی ساونت سے شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے اداکارہ سے شادی کرلی ہے، انہوں نے اپنی مختصر پوسٹ میں بتایا کہ کبھی ایسا نہیں کہا تھا کہ انہوں نے اداکارہ سے شادی نہیں کی، البتہ انہوں نے اس معاملے پر کچھ دن خاموشی اختیار کی تھی۔ عادل خان کے مطابق انہوں نے کچھ مسائل کی وجہ سے کچھ دن اس معاملے پر بات نہیں کی، انکا کہنا تھا کہ انہیں کچھ چیزیں سنبھالنی تھیں، جس وجہ سے وہ خاموش رہے۔

عادل خان درانی کی جانب سے پوسٹ میں راکھی ساونت سے شادی کی تصدیق کیے جانے کے بعد ایشین نیوز انٹرنیشنل نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عادل خان نے بلآخر راکھی ساونت سے شادی کی تصدیق کر دی۔ اسی حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ راکھی ساونت کے دعوے سچ ثابت ہوئے ہیں اور اداکار عادل خان درانی نے اداکارہ سے شادی کی تصدیق بھی کر دی ہے، اگرچہ عادل خان درانی نے راکھی ساونت سے شادی کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید کچھ نہیں بتایا کہ انہوں نے کب شادی کی اور کیا واقعی راکھی ساونت نے اپنا مذہب تبدیل کر کے اسلام قبول کر لیا؟ اس سے پہلے راکھی ساونت نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی عادل خان سے 7 ماہ قبل 2022 کے وسط میں شادی ہوئی تھی۔

دونوں کی شادی کی تصاویر اور وائرل ہونے والی ویڈیوز میں راکھی ساونت کو کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے دیکھا اور سنا بھی جا سکتا ہے جبکہ ان کے نکاح نامے کی وائرل تصویر میں ان کا نام فاطمہ پڑھا جا سکتا ہے۔ اب عادل خان درانی کی جانب سے شادی کی تصدیق کیے جانے کے بعد راکھی ساونت نے ایک یوٹیوبر واحد خان سے بات کرتے ہوئے مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ محبت میں مذاہب اہمیت نہیں رکھتے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انہوں نے عادل کی محبت میں ان کا مذہب اپنا لیا۔ راکھی نے کہا کہ محبت میں اگر عادل ان کا مذہب اپناتے ہیں تو بھی کوئی بات نہیں اور اگر وہ ان کے مذہب میں چلی جاتی ہیں تو بھی کوئی بڑی بات نہیں، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ عادل خان درانی نے ان سے شادی کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button