سعودی عرب اب غیر مشروط غیر ملکی گرانٹس نہیں دے گا
سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان کا کہنا ہےکہ سعودی عرب اب غیر مشروط غیر ملکی گرانٹس نہیں دے گا اور ہم بیرونی ممالک کو امداد دینے کے طریقے کو تبدیل کررہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا کہ ہم کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اصلاحات دیکھنا چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں پرٹیکس لگا رہے ہیں اور دوسروں سے بھی ایسی توقع کر رہے ہیں، ہم مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ دوسرے بھی اپنا کردار ادا کریں۔
رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ اپنی معیشت بڑھانےکےساتھ ساتھ عالمی معیشت کی مدد پربھی کام کررہے ہیں، سعودی عرب اب غیر مشروط غیر ملکی گرانٹس نہیں دے گا، ہم بیرونی ممالک کو امداد دینے کے طریقے کو تبدیل کررہے ہیں، ہم براہ راست گرانٹ اور ڈپازٹس دیتے تھے جسے اب تبدیل کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد الجدعان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب تمام ممالک سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، ہم خطے کے لیے ایک رول ماڈل بننا چاہتے ہیں اور اپنے ارد گرد کے ممالک کو اصلاحات کی ترغیب دے رہے ہیں۔