فون پر بات کرنیوالی لڑکی نے آفریدی کے طوطے کیسے اڑا دیئے؟
سابق کپتان، آل رائونڈر شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ نوجوانی میں جب وہ کرکٹ کے میدان میں عروج پر تھے تو ایک لڑکی سے گھنٹوں فون پر باتیں کرتے تھے لیکن جب اس سے ملاقات ہوئی تو وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ وہ لڑکی نہیں بلکہ ایک لڑکا ہے۔ شاہد آفریدی کا ماضی میں شاہزیب خانزادہ کو دیا گیا ایک انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ کسی لڑکے سے لڑکی سمجھ کر باتیں کرتے رہے۔
اس دلچسپ واقعے کا ذکر شاہد آفریدی نے اپنی کتاب گیم چینجر میں بھی کیا ہے تاہم ماضی میں شاہزیب خانزادہ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران جب لالہ سے اس دلچسپ واقعے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ تب جب موبائل فون بہت مہنگے ہوا کرتے تھے تو وہ کسی لڑکی کو اتنا پسند کرنے لگے تھے کہ آسٹریلیا سے بھی فون کارڈ خرید کر اس سے باتیں کرتے تھے۔
دوران انٹرویو شاہد نے بتایا کہ فون پر بات کرنے والے شخص کی آواز جو بظاہر لڑکی کی لگتی تھی وہ اتنی خوبصورت تھی کہ میں آسٹریلیا جیسے اتنے دور ملک سے بات کرتا تھا کیوں کہ اس وقت ہمارے پاس موبائل نہیں ہوتے تھے، لہٰذا کارڈ خرید کر ہوٹل میں بیٹھ کر اس کو فون ملاتے اور گھنٹوں باتیں کرتے تھے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب وہ لڑکی عید والے دن مجھ سے گھر پر ملنے آئی تو پتا چلا کہ جس سے بات کرتا رہا وہ لڑکی نہیں بلکہ۔لڑکا تھا جو لڑکی کی آواز بنا کر ان سے بات کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے اس لڑکے کو دوسرے کئی کھلاڑیوں کیلئے استعمال بھی کیا اور کئی کھلاڑیوں نے اس لڑکے کو لڑکی سمجھ کر شادی کی پیشکش بھی کر دی۔