شوبز

فیروز خان کا اہلیہ کو کروڑوں روپے ہرجانے کا نوٹس

اکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے خود پر لگائے گئے تشدد کے الزامات سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان سمیت تضحیک کرنے والی دیگر کئی شوبز شخصیات پر بھی کروڑوں روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ فیروز خان نے ٹوئٹر پر قانونی نوٹس کے حوالے سے لکھا کہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو میری قانونی ٹیم نے ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے اور اب انہیں یا تو معافی مانگنا پڑے گی یا اپنے جھوٹے الزامات کو سچ ثابت کرنا ہوگا۔

فیروز کی جانب سے شیئر کی گئی دستاویز کے مطابق ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس سابقہ اہلیہ علیزے سلطان، مصدق ملک، شرمین عبید چنائے، عاصم اظہر، عثمان خالد بٹ، میرا سیٹھی، منال خان، ایمن خان، ثروت گیلانی، یاسر حسین اور فرحان سعید کو بھیجا گیا ہے۔ نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران فیروز کے وکیل  فائق علی جاگیرانی نے بتایا کہ اداکار کی جانب سے جن فنکاروں کو نوٹس بھیجا گیا انہوں نے فیروز خان بارے سوشل میڈیا پر براہ راست اور بالواسطہ کئی جھوٹے الزامات لگائے ہیں، شوبز فنکاروں کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یا تو یہ لوگ اپنے الزامات کی سچائی کے ثبوت پیش کریں یا پھر عوام کے سامنے معافی مانگیں۔

شوبر شخصیات کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیروز خان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے جنکی ایف آئی آربھی درج نہیں کی گئی، ان الزامات سے میرے مؤکل کی نہ صرف کردار کشی ہوئی بلکہ انھیں ستمبر 2021 میں ذہنی دباؤ کے ساتھ ساتھ 2 کروڑ کا مالی نقصان بھی ہوا۔ فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ لیگل نوٹس میں بے بنیاد الزامات لگانے پر علیزے سلطان کو معافی مانگنے یا پھر 30 ملین ہرجانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر شوبز شخصیات کو بھی 20 ملین ہرجانے کی رقم ادا کرنے یا پھر سرعام معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔ جن شخصیات کو نوٹس بھیجے گئے انہیں 15 دن کے اند جواب جمع کرانے کی مہلت دی گئی ہے۔

دوسری جانب اداکار یاسر حسین اپنے اور ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز آؤٹ کرنے پر فیروز خان پر برس پڑے، یاسر حسین نے موبائل نمبرز آؤٹ کرنے پر ہتک عزت کے دعوے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنی انسٹا سٹوری میں بتایا کہ فیروز کی ایک احمقانہ حرکت کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یاسر حسین نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ’ایک بیوقوف آدمی نے پہلے اپنی بیوی کو مارا اور پھر ہمارے نمبرز آؤٹ کر دیئے، انہوں نے لکھا کہ میرے پاس اس بھائی کا فون نمبر بھی موجود ہے اور میں اسے آؤٹ بھی کر سکتا ہوں لیکن دونوں میں کچھ فرق تو رہنا چاہیے۔ یاسر حسین نے اپنی سٹوری میں بغیر نام لیے فیروز خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس بیوقوفی پر شرم آنی چاہئے۔

تاہم فیروز خان کی جانب سے ہتک عزت کا نوٹس ملنے پر دیگر کئی شوبز شخصیات بھی فیروز خان پر خوب برسیں۔ قانونی نوٹس ملنے پر ثروت گیلانی کے شوہر فہد مرزا نے فیروز کو شوبز شخصیات کی نجی معلومات ظاہر کرنے پر شدید تنقیدید کا نشانہ بنایا، یاد رہے کہ فیروز نے سوشل میڈیا پر ایک لیگل ڈاکیومنٹ شیئر کر کے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ان فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔ فہد مرزا نے لکھا کہ میں فیروز خان کے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتا تھا لیکن فیروز نے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات ظاہر کرکے بہت بڑی بیوقوفی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ فیروز میں نفرت بھری ہوئی ہے اور اس کی اس حرکت سے مجھے اب یقین ہو گیا ہے کہ اس پر لگے سب الزامات سچے ہیں۔

یاد رہے کہ اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا پر گھریلو تشدد کے الزامات لگانے والی شوبز انڈسٹری کی کئی بڑی شخصیات کو بھیجے گئے ہتک عزت کے نوٹس کی تصاویر شیئر کی تھیں جو کہ وائرل ہوگئیں ان تصاویر میں ان کے موبائل نمبرز اور گھر کا پتہ درج تھا جس کی وجہ سے ان فنکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ہتک عزت کیس میں نامزد اداکارہ ثروت گیلانی کے شوہر فہد مرزا اور عثمان خالد بٹ نے بھی فیروز خان پر نجی معلومات شیئر کرنے پر اظہارِ برہمی کیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button