شوبز

’’پٹھان‘‘ کے ٹریلر کی برج خلیفہ پر ریلیز نے دھوم مچا دی

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کی نئی آنے والی فلم ’’پٹھان‘‘ کا جادو ریلیز سے قبل ہی مداحوں کے سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، برج خلیفہ پر اس فلم کے ٹریلر کی ریلیز نے ہر طرف دھوم مچا دی، بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے سخت تنقید کی زد میں آنے والی فلم کو 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔ ’پٹھان‘ کا ٹریلر 15 جنوری کو برج خلیفہ پر چلایا گیا جس دوران شاہ رخ خان بھی وہاں موجود رہے۔ شاہ رخ نے ’پٹھان‘ کا ٹریلر دکھائے جانے سے قبل مداحوں کا جوش بڑھانے کے لیے ان سے بات بھی کی اور انہیں فلم کے ڈائیلاگ بھی سنائے۔ برج خلیفہ پر ’پٹھان‘ فلم کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر فلم کی ٹیم نے رقص بھی کیا، اس دوران شاہ رخ خان بھی جھومتے دکھائی دیئے، ’پٹھان‘ کا ٹریلر دکھائے جانے سے قبل ہی مداح برج خلیفہ پہنچا شروع ہوگئے تھے اور شاہ رخ خان کے آنے کے بعد لاکھوں کی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے۔

برج خلیفہ پر نمائش کے لیے ’پٹھان‘ کے ٹریلر کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا اور عمارت پر اسکرین بھی اس طرح آویزاں کی گئی تھی کہ ٹریلر کے تمام کردار صاف دکھائی دیں، ’پٹھان‘ کے ٹریلر کی برج خلیفہ پر نمائش کے حوالے سے 15 جنوری کو اس حوالے سے ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا۔

خیال رہے کہ ’پٹھان‘ کے ٹریلر کو 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا جسے محض 6 گھنٹوں کے دوران یوٹیوب پر 40 لاکھ بار دیکھا گیا اور بھارت میں یہ ٹوئٹر پر یہ ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا، پروڈیوسر ادیتیا چوپڑا کی اس فلم کی ہدایات سدھارتھ آنند نے دی ہیں اور اسے 25 جنوری کو ہندی کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں ریلیز کرنے کی تصدیق کی گئی۔

’پٹھان‘ کے پہلے گانے ’بے شرم رنگ‘ کو گزشتہ ماہ 12 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 12 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، ’بے شرم رنگ‘ کی ریلیز پر وہاں کے ہندو انتہا پسندوں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی تھی، ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر نیم عریاں رقص کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ ہندو مذہب میں اس رنگ کو مقدس سمجھا جاتا ہے۔  انتہاپسندوں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بنا کر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button